پاکستان جغرافیائی محل وقوع کے باعث ایشیا کا اہم تجارتی‘ توانائی اور مواصلاتی کوریڈورز بن سکتا ہے : نوازشریف

Feb 02, 2017

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم میاں نواز شریف سے نیدر لینڈ کی کمپنی رائل فرائز لینڈ کیمپینا کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) رالف جوسٹن نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی و معاشی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایوان وزیراعظم میں بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور معیشت کی مضبوطی کے لئے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ جغرافیائی محل و وقوع کے باعث پاکستان میں ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ہم اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے، توانائی، مواصلات اور معاشی اصلاحات پر توجہ دے رہے ہیں، حکومت نے خصوصی اقتصادی رولز کے لئے قوانین بنائے ہیں اور زرعی ملک ہونے کے ناطے کسانوں کی سپورٹ کی غرض سے کھاد پر سبسڈی کی مدت میں توسیع بھی کی ہے جس سے معیشت اور عوام کے معیار زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جبکہ قدرت نے ہمیں 4مختلف موسموں سے نوازا اور مربوط نہری نظام سمیت قدرتی وسائل سے مالامال زمین بھی عطا کی جس میں سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بہتر اور وافر مواقع میسر ہیں جس سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے اپنی صلاحتیں بروئے کار لا کر دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ رائل فرائز لینڈ یمن کے سی ای او نے آئندہ چند سال کے دوران پاکستان میں 10کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ہم ڈیری کے شعبے میں پاکستان کو برآمد کرنے والا بڑا ملک بنانا چاہتے ہیں۔ رالف جوسٹن نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وسط ایشیا کی اہمیت کے پیش نظر اور پاکستان میں معیشت سمیت امن و امان کی صورتحال کی بہتری کو ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اہم وجہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈیری کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔دی نیشن کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث پاکستان ایشیا میں تجارت، توانائی اور مواصلات کا اہم کوریڈور بن سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف 3فروری کو کراچی کا دورہ کریں گے اور کراچی حیدر آباد ایم نائن منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نامزد گورنر سندھ محمد زبیر عمر سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے ۔ان ملاقات کے دوران کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیراعظم کو بریف کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو کراچی میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کرینگے۔



مزیدخبریں