ایبٹ آباد(صباح نیوز+آن لائن)خیبر پی کے کے وزیر مشتاق غنی کے بھائی کی 11 سالہ ملازمہ کی پراسرار موت کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کی گئی۔جمعرات کو ایبٹ آباد کے نولکھی گاوں میں مجسٹریٹ درجہ اول اعجاز الرحمن کی موجودگی میں مصباح نامی گھریلو ملازمہ کی قبر کشائی کے بعد جسم کے نمونے حاصل کیے گئے۔متوفیہ کی قبر کشائی کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے جسم کے نمونے حاصل کرلئے جنہیں پنجاب فرانزک لیب روانہ کیا جائے گا۔دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی 11 سالہ ملازمہ کی پراسرار موت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپی کے سے تین روز میں رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔خیال رہے کہ صوبائی وزیر مشتاق غنی کے بھائی شعیب غنی کے گھر کام کرنے والی 11 سالہ ملازمہ مصباح پراسرار طور پر 27 جنوری کو ہلاک ہوئی تھی جس کی بعدازاں تدفین کی گئی۔