اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 13 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کر دی اور انہیں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی، ایم کیو ایم پاکستان پارٹی نشان پر ہی انتخابات میں حصہ لے گی جبکہ پی ایس پی کی قومی پرچم استعمال کرنے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔ جمعرات کو الیکشن کمشن میں ایم کیو ایم پاکستان کی رجسٹریشن منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے 11 جنوری کو آرڈر میرٹ پر جاری نہیں کیا، ہم نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا ہے، کاغذات نامزدگی 4 فروری سے جمع ہونا ہیں، الیکشن کمشن ایم کیوایم پاکستان کی رجسٹریشن کوبحال کرے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے استدعا کی کہ مجھے کوئی شارٹ آرڈر دے دیں بصورت دیگرمیں کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹ نہیں دے سکوں گا، الیکشن کمشن نے دلائل سننے کے بعد متحدہ پاکستان کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ بعدازاں چیف الیکشن کمشنر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 13 سیاسی جماعتیں کی رجسٹریشن بحال کر دی اور انہیں کوائف جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔