لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی پر فوجداری مقدمہ بنتا تھا لیکن اسے توہین عدالت کے الزام میں سزا دی گئی، عدالت عظمیٰ نے نہال ہاشمی کے معاملے میں اپنی عمدہ روایت سے ہٹ کر غیر مشروط معافی مانگنے کے باوجود سزا کا فیصلہ دیا، ماضی میں بابر اعوان جیسے کرپٹ اور بد بخت شخص جس نے ججز کو بیچا اس نے بھی غیر مشروط معافی سے استفادہ کیا، شیخ رشید پنڈی کا شیطان ہے ،لاہوریوں نے شیطان کی آواز پر توجہ نہ دی اب وہ مستعفی ہونے سے بھی دوڑ گیا، عدالتی فیصلوں پر تنقید کرنا ہر شہری کا آئینی اورجمہور ی حق ہے۔ اگر ججز کے نام پر پیسے لینے اور سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر کھڑے ہو کر عدلیہ کا مذاق اڑانے والابابر اعوان اس سے استفادہ کر سکتا ہے تو نہال ہاشمی کو بھی معاف کیا جاسکتا تھا۔ ہم نے سپریم کورٹ کے معزز ججز کی ذات کو کبھی نشانہ نہیں بنایا۔ چیف جسٹس آف پاکستان قابل وکیل تھے ، کئی ججز صاحبان سے اس وقت سے تعلق ہے جب وہ وکالت کرتے تھے، جسٹس آصف سعید کھوسہ مختلف کیسوںمیں میرے وکیل رہے لیکن ہم نے کبھی بھی ان کی ذات کے حوالے سے گفتگو نہیں کی ۔ کیا سپریم کورٹ نے خود اپنے ایک فیصلے کو دوسرے فیصلے میں غلط نہیں کہا ۔ مشرف کے ’’کُو‘‘ کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جبکہ اسی پر 17رکنی بنچ کا بھی فیصلہ ہے جس میں پہلے فیصلے کو غلط قرار دیا گیا ، کیا ڈوگر کورٹ سپریم کورٹ نہیں تھی کیا ان کے فیصلوں کو ہدف تنقید نہیں بنایا گیا بلکہ کالعدم قراردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف 28جولائی کے فیصلے پر عمل نہ کرتے تو یہ توہین عدالت ہوتا لیکن اس فیصلے کی مصدقہ کاپی ملنے سے قبل نواز شریف نے نہ صرف استعفیٰ دیا بلکہ وزیر اعظم ہائوس بھی خالی کر دیا۔دوسری طرف عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا گیا میں ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ اس نے پاکپتن میں کیا گند ڈالا ، تیس تیس سالوں سے بسنے والے گھر اجاڑ دئیے، کیا بابر اعوان نے پنجاب بینک لوٹنے والے ڈاکوئوں سے دبئی میں کروڑوں روپے نہیں لئے۔ پنڈی کے شیطان کو ایسا قید کریں گے کہ اسے لگ پتہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی مدت ختم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، پارلیمنٹ آئین میں ترمیم کرسکتی ہے اس فیصلے کے پہلے اور بعد میں بھی ترمیم کی جا سکتی ہے ،ابہام دورکرنے کیلئے عدالت پارلیمنٹ سے بات کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تو اے ٹی ایم بند ہو گئی ہے اس لئے جہانگیر ترین کی بحالی کی زیادہ ضرورت ہے ۔