لاہور (نامہ نگار) مال روڈ پر رکشہ ڈرائیور نے آئے روز کے ٹریفک چالانوں اور وارڈن کے روکنے پر دلبرداشتہ ہوکر اپنے رکشے کو آگ لگا دی جس سے رکشہ مکمل طورپر جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مغلپورہ کا رہائشی ندیم رکشہ چلاتا ہے۔ گزشتہ روز وہ رکشے میں پلاسٹک کے پائپ لاد کر مال روڈ پر واپڈا ہائوس کے سامنے جا رہا تھا کہ اسے ایک ٹریفک وارڈن نے روک کر کاغذات طلب کئے جس پر رکشہ ڈرائیور ندیم نے کہا کہ اس کے پہلے ہی تین چالان ہو چکے ہیں ٹریفک وارڈن نہ مانا اور اس نے چالان کرنے کا کہا جس پر ندیم نے ٹریفک وارڈن سے تکرار کی اور پھر اپنے رکشے کو آگ لگا دی جس سے رکشہ مکمل طورپر جل کر تباہ ہو گیا۔ موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس رکشہ ڈرائیور ندیم اور جلے ہوئے رکشے کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر تھانہ سول لائن لے گئی۔
مال رو ڈ: ٹریفک چالانوںسے دلبرداشتہ ڈرائیور نے رکشے کو آگ لگا دی
Feb 02, 2018