لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے برٹش ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کروانا برطانیہ کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ برصغیر کی تقسیم کے فارمولے کے مطابق کشمیر مسلمان اکثریتی علاقہ ہے جب تک کشمیر پاکستان کے ساتھ نہیں مل جاتا، برصغیر کی تقسیم کا برطانوی ایجنڈا مکمل نہیں ہوتا، مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک تین جنگیں ہو چکی ہیں اور کشمیر میں حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام 70سال سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بھارت کی قابض فوج نے آزادی کا مطالبہ کرنے والے دو لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد کشمیری بھارت کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشدد اور ظلم و جبر برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر بھی موجود تھے۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان تباہ کن جنگ کا باعث بن سکتا ہے اور اگر خطے میں جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے تو جنگ کی آگ صرف جنوبی ایشیا تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشوںمیں مصروف ہے۔ بھارتی تخریب کار کلبھوشن کی گرفتاری اس کا بین ثبوت ہے۔
مسئلہ کشمیر حل کرا نا برطانیہ کی اخلاقی ذمہ داری‘ سراج الحق سے تھامس ڈریو کی ملاقات
Feb 02, 2018