مسلمانوں کیلئے الگ ریاست فرسودہ سوچ تھی: محبوبہ مفتی کی ہرزہ سرائی

Feb 02, 2018

جموں (اے این این) مقبوضہ جموں و کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے نظریہ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانان ہند کیلئے الگ ریاست کا تصور فرسودہ سوچ تھی، تقسیم ہند میں جموں کشمیر حصہ نہیں رہا اور نہ مذہبی خطوط پر تقسیم کی حمایت کی۔ گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا جموں و کشمیر تقسیم ہند کا حصہ تھا نہ اس نے مذہبی خطوط پر تقسیم کی حمایت کی ہے۔ ہم نے بحیثیت سٹیٹ اس کے برعکس فیصلہ لیا تھا۔ بدقسمتی سے ہم بدستور قیمت چکارہے ہیں۔ میں ایسے کسی بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں جس میں بھارت کے مسلمانوں کے لئے الگ ملک کا مطالبہ کیا جائے۔ وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست یا ملک کی مانگ کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ مسلمانان ہند کیلئے الگ ملک یا ریاست کا مطالبہ کرنے والے گمراہ ہیں۔ محبوبہ مفتی کے اس بیان پر تاحال دفتر خارجہ کی طرف سے کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں