عمران نے اداروں کی تضحیک کی‘ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا‘ مریم اورنگزیب

Feb 02, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتوں کے فیصلوں پر تنقید کرنا ہر فریق کا حق ہے، عمران خان نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا ، عدلیہ اور اداروں کی تضحیک اور گالیاں دیں لیکن ان کو کچھ بھی نہیں کہا جا رہا، جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کے معاملے پر پارٹی قیادت نے خود ایکشن لیا تھا اور انہیں ڈی سیٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نے عدالت سے معافی بھی مانگ لی تھی، اس کے باوجود ان کو سزا سنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خود ساختہ ترجمان چند دنوں سے یہ کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ کی قیادت کو سزا ہونے والی ہے اور یہ جیل جانے والے ہیں، ان لوگوں کو کس نے ترجمان بنایا ہوا ہے کہ وہ عدالتوں کے فیصلوں سے پہلے فیصلے سنا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ مریم نواز بھی کسی کی بیٹی ہے، اس کا گزشتہ ڈیڑھ سال سے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ منتخب وزیراعظم کو ایک اقامے پر گھر بھیج دیا گیا، عوام نے اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ فیصلے پر تنقید کرنا ہر شہری کا حق ہوتا ہے ، اس فیصلے پر سول سوسائٹی کی طرف سے بھی تنقید سامنے آئی۔انہوں نے کہا کہ جب کروڑوں عوام کے منتخب وزیر اعظم کو گاڈ فادر اور منتخب حکومت کو سسلین مافیہ کہا گیا ہے ، کیا ان کی تضحیک یا توہین نہیں ہوتی۔ ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) عوام کی عدالت میں جائے گی اور وہ ایک بار پھر سرخرو ہوگی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے شہباز شریف کے وزیرا عظم کے امیدوار کا اعلان میرٹ پر کیا ہے، لوگوں کے دلوں میں شہباز شریف کیلئے محبت ہے، وہ تمام صوبوں کیلئے ایک مثال ہیں، دوسرے صوبے والے بھی شہباز شریف جیسا وزیر اعلیٰ مانگتے ہیں۔

مزیدخبریں