لاہور (کامرس رپورٹر)بزنس مین پینل نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی باراضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ان پٹ کاسٹ زیادہ ہونیکی وجہ سے خطے میں دیگر ممالک کی نسبت اشیا و خدمات مہنگی ہوتی جارہی ہیں اور یہ صورتحال ملکی معیشت میں بگاڑ پیدا کر رہی ہے۔ چیئرمین بزنس مین پینل میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ صنعت و تجارت کے لئے نقصان دہ ہے۔ حکومت فی الفور قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن واپس لے۔بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل احمد جواد نے کہا کہ کہ روپے کی بے قدری، برآمدات اور درآمدات میں بڑھتا ہوا فرق اور اب پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ جلتی پر تیل کا کام کرے گا۔بزنس مین پینل کے عہدیداران نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اورپٹرولیم منسٹر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ صنعت کاروں ، تاجر برادری کو پیداواری لاگت میں مزید اضافے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔