ڈی آئی جی ساوتھ کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میرہزارخان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور پھر خودکشی کی۔میرہزارخان بجارانی اور ان کی اہلیہ کے قتل سے متعلق ڈی آئی جی ساتھ آزاد خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز دوپہر ڈھائی بجے درخشاں تھانے کو میر ہزارخان بجارانی اوران کی اہلیہ کی لاشیں ملنے کی اطلاع موصول ہوئی، لاشیں خیابانِ جانبازمیں واقع بنگلے کے پہلی منزل پراسٹڈی روم میں موجود تھیں، جس کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ شواہد کے مطابق دونوں کی موت گولی لگنے سے واقع ہوئی، میر ہزارخان بجارانی کے سر پراور فریحہ رزاق کے ایک گولی سرپراوردوپیٹ میں لگیں، حاصل شواہد اورپوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اورپھرخود کوگولی ماری، فائرنگ 30 بور پستول سے کی گئی تھی، جائے وقوعہ سے 4 خول اور دو گولیاں ملیں۔ڈی آئی جی ساتھ آزاد خان نے کہا کہ فارنزک ٹیم نے فنگرپرنٹس اوردیگرتمام ثبوت اکھٹے کرلئے، کمرے میں موجود خون کے نمونے بھی محفوظ کرلئے گئے ہیں، گھر میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر قبضے میں لے لیا ہے جبکہ تمام ملازمین نے اپنے ابتدائی بیانات بھی پولیس کو قلمبند کرادیئے۔ڈی آئی جی ساوتھ آزاد خان کا کہنا ہے کہ ملازمین کے بیانات کے مطابق دونوں میں کئی روزسے ناچاقی چل رہی تھی، وقوعے کے وقت گھر اندر سے بند تھا، واقعے کے بعد بچوں نے ملازمین کے ساتھ مل کر دروازہ توڑا تاہم واقعہ کی ہر پہلوں سے تحقیقات جاری ہے۔