پشاور (نوائے وقت نیوز، آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کو خوشحالی دینا ہے۔ مفت حج کروانا نہیں، کابینہ کا حصہ ہوں ناراضی کا تاثر غلط ہے۔ پشاور میں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کو خوشحالی دینا ہے۔ ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کراﺅں۔ میں حج پر ضرور جاﺅں گا اور انشاءاللہ اپنے خرچے پر جاﺅں گا۔ وزارت مذہبی امور نے حج پرسبسڈی برقرار رکھنے کی تجویز دی تھی لیکن وزیراعظم اور کابینہ نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔ نورالحق قادری نے مزید کہا حکومت معاشی حالت میں بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حج ہر سال مہنگا ہوتا ہے۔ حج کی سبسڈی سے غریب اور امیر طبقہ دونوں مستفید ہو رہا تھا۔ حج پر دی جانے والی سبسڈی مفاد عامہ کے دیگر اقدامات کے لیے مختص کریں گے۔ گزشتہ روز کابینہ اجلاس کے دوران فون آنے پر باہر گیا تھا لیکن اختلافات کا تاثر غلط ہے۔ آج سینٹ اس لیے نہیں گیا کیونکہ تقریب میں شریک تھا۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی لائے گی۔ نورالحق قادری کا کہنا کہ خواہش تھی حج پر سبسڈی دی جائے۔ فیصلہ کابینہ نے کیا، اب یہی سب کا فیصلہ ہے۔ جس کے پاس پیسے ہوں گے وہ چلا جائے گا۔ ان کاکہنا تھا کہ وفاقی حکومت بھی قبائلی اضلاع میں کابینہ کے اجلاس کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حج ایک عبادت ہے جو صرف استطاعت رکھنے والوں پر واجب ہے۔ سبسڈی کا مطلب یہ ہے کہ حکومت غریبوں سے رقم لے کر حج کروائے؟ ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج بیشک ایک عبادت ہے جو صرف استطاعت رکھنے والوں پر واجب ہے۔ کیا سبسڈی کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ حکومت غریبوں سے رقم لے کر حج کروائے؟ انہوں نے کہا کہ سبسڈی حج عبادت کے بنیادی فلسفے سے ہی متصادم ہے حالانکہ حکومت حج پر ایک روپیہ بھی نہیں کما رہی ہے۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ حج پر سبسڈی صرف ایک سال دی گئی گزشتہ سال الیکشن کا تھا اور لیگی حکومت نے عوام کو خوش کرنے کیلئے حج پر سبسڈی دی، اب حکومت کیلئے ایسا کرنا ممکن نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار ارب 36 کروڑ روپے کی سبسڈی بنتی ہے، سعودی عرب نے اخراجات بڑھا دیئے ہیں حکومت کہاں سے سبسڈی دے گی۔ ظاہر ہے کہ تعلیم، صحت، بی آئی ایس پی پر کٹ لگائے گی کیا مقاصد ہوگا کہ غریب ترین پر خرچ ہونے والا پیسہ سبسڈی میں دیدیں۔ ایک سوال پر کہا کہ عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب پر مکمل اعتماد ہے جب تک عمران کو اعتماد ہے وہ وزیراعلیٰ رہیں گے۔
وزیر مذہبی امور
ریاست مدینہ کا مطلب مفت حج کرانا نہیں : وزیر مذہبی امور‘ سبسڈی عبادت کے بنیادی فلسفے سے متصادم ہے : وزیر اطلاعات
Feb 02, 2019