اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں میں حقیقی معنوں میں واضح تبدیلی لانا پی ٹی آئی حکومت کا منشور ہے۔ خیبر پی کے کی عوام کی بہتری کے لئے پچھلے دور میں کئے جانے والے اقدامات کو مزید آگے بڑھائیں گے تاکہ تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں تبدیلی کا عمل مستحکم ہو اور لوگوں کے معیار زندگی میں تبدیلی آئے، وزیراعظم نے یہ بات جمعہ کو کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف صوبائی بلکہ ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا، وزیراعظم نے ممبران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ کرک اور ڈی آئی خان میں پینے کے پانی کے حل کے لئے پلان تشکیل دیا جائے۔ عمران خان سے ملائیشین ایڈوکٹو گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نے بھی ملاقات کی۔ ایڈوکٹو گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نے وزیراعظم کے ویژن اور حکومتی پالیسیوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام میں پارٹنر شامل ہونا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام سرمایہ کاروں کو ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی سے متعلق کیے جانے والے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا، ملائیشین کمپنی نے پاکستان میں ٹاور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ، ملائیشین کمپنی کا آئندہ ، 5برس میں مزید 250ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر مشرف کے قریبی ساتھی اور آل پاکستان مسلم لیگ ( اے پی ایم ایل ) کے سابق چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ اعلامیے کے مطابق اے پی ایم ایل کے سابق چیئرمین نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعظم ہاﺅس میں ڈاکٹر امجد پرویز نے وزیراعظم عمران خان اورپی ٹی آئی کے اہم رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر امجد پرویز نے تحریک انصاف کی قیادت اور اس کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت اصلاحات کے ایجنڈا پر گامزن ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے پی ٹی آئی حکومت کے ابتدائی 6ماہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے قیام کے ابتدائی دنوں میں ہی ملک کو ترقی کی ایک نئی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں کامیاب خارجہ پالیسی کے ملکی معیشت پر نہایت مثبت اثرات نمایاں ہوئے ہیں، ڈاکٹر امجد نے تحریک انصاف کے ساتھ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کپتان کے قافلے میں ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ڈاکٹر امجد کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کل 3فروری کو لاہور کا دورہ کریں گے اور صوبائی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔علاوہ ازیں عمران کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے کا فروغ اولین ترجیح ہے، زراعت کے شعبے میں ملکی صلاحیت سے مکمل طور پر مستفید ہونے کے سلسلے میں وفاقی حکومت اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کوہرممکن معاونت فراہم کریگی۔ زراعت کے شعبے کو مستحکم کرنے اور ملکی زراعت کے فروغ کے سلسلے میں چائنہ سمیت دوست ملکوں کی جانب سے ٹیکنالوجی و دیگر معاونت سے بھرپور طریقے سے استفادہ کرنے کیلئے صوبوں سے سفارشات طلب کر لیں، صوبوں کو ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زراعت کے شعبے کا فروغ اولین ترجیح ہے۔
عمران خان