لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈسیرت سٹڈیزکو فعال بنانے اور اس کے انتظامی اور مالی امور کی تشکیل کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ کے "بورڈ آف ڈائریکٹرز"کا خصوصی اجلاس انسٹیٹیوٹ کے کمیٹی روم میں، زیر صدارت صوبائی وزیر اوقاف پنجاب پیر سید سعید الحسن شاہ منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن،سیکرٹری ایجوکیشن ساجد ظفر ، ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، چیئرمین پنجاب قرآن بورڈاور ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی سمیت بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ بورڈ نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا۔ مزید براں انسٹیٹیوٹ کے بجٹ کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیر اوقاف پنجاب نے کہا کہ عصر حاضر میں امت مسلمہ کو در پیش چیلنجز سے نبٹنے کے لیے سیرت طیبہ ﷺ پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے فیضان کو دنیا تک عام کرنے کے لیے یہ انسٹیٹیوٹ اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر 55کنال پر محیط اس عظیم عمارت بالخصوص "سٹیٹ آف دی آرٹ"اسلامک لائبریری کا بھی معائنہ کیا گیا۔
عصرحاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیرت طیبہؐ پر عمل کیا جائے:وزیراوقاف پنجاب
Feb 02, 2019