سرفراز کو سزا دینا سمجھ سے بالا تر‘احسان مانی آئی سی سی پر برس پڑے

Feb 02, 2019

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین احسان مانی نے نسل پرستانہ جملوں پر کپتان سرفراز احمد کو دی گئی سزا پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے سخت فیصلہ قرار دیا ہے۔احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی جانب سے باقاعدہ معافی مانگنے اور جنوبی افریقی ٹیم اور متعلقہ کھلاڑی کی جانب سے اسے قبول کرنے کے بعد سرفراز پر پابندی کی ضرورت باقی نہیں رہی تھی۔سرفراز کے معاملے پر بیورو کریسی حاوی ہوئی، آئی سی سی نے بھی خاموشی سے پریس ریلز جاری کی، سرفراز نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بعد جنوبی افریقین کھلاڑی سے باقاعدہ معافی بھی مانگ لی تھی، اس کے باوجود آئی سی سی کا سزا دینا سمجھ سے باہر ہے۔ دونوں کھلاڑیوں اور بورڈ میں معاملہ حل ہوگیا تھا،اگر یہ صلح آئی سی سی رولز کے تحت نہیں ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ صلح نہیں ہوئی۔ جنوبی افریقین کپتان نے بھی اس معاملے کو ختم کردیا تھا، اور ہم نے پہلے ہی کہا دیا تھا کہ سرفراز کو دو تین میچز نہیں کھلائیں گے، میرے نزدیک اس سے سب کو پیغام بھی مل جاتا۔ سرفراز نے جو کچھ بولا ، وہ کلچرکا فرق تھا، پاکستان میں ایسے الفاظ کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا۔

مزیدخبریں