لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ویسٹ انڈیزکے بعد بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی خواتین ٹیم کا دورہ پاکستان کا جلد امکان ہے، پی سی بی ویمنز ونگ کے جنرل منیجر شاہد اسلم کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے جس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی دونوں ٹیموں کے ساتھ ہوم سیریز طے ہے جس کے کچھ میچز پاکستان میں بھی کرانے کا ارادہ ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان میں پانچ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے جس کا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مثبت جواب دیا ہے، دونوں بورڈز انٹرنیشنل شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے میچز کی تاریخیں فائنل کریں گے، آئی سی سی بھی پاکستان میں پاک بنگلہ دیش ویمنز سیریز میں مدد کررہا ہے۔ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کی رپورٹ تمام ویمنز پلیئنگ ممالک کو بھیجیں گے۔