لاہور( آن لائن )پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ رواں سال اعلی سطح کے 15 امریکی تجارتی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے، ان دوروں سے تجارتی حجم میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے معروف برآمد کنندگان کے دس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے انوار الحق اور طارق انوار کی مشترکہ قیادت میں افتخار علی ملک سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعہ دوطرفہ تعلقات کے پوٹینشل سے بھر پور استفادہ کا خواہاں ہے اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی ان مقاصد کے حصول کیلئے امریکی تجارتی وفود کا خیرمقدم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ افتخار علی ملک نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے امریکی سرمایہ کاروں کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ یہاں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ معروف بین الاقوامی فرمیں اور یورپی و ایشیائی سرمایہ کار یہاں بڑی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔