عارفوالا(نمائندہ نوائے وقت+ آن لائن) تحصیل بھر میں ٹڈی دل کے اثرات باقی، محکمہ زراعت کی جانب سے ٹڈی دل مارنے کے لئے سپرے کرنے کا عمل جاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت لطیف بھٹی نے بتایا کہ گذشتہ روز ٹڈی دل تحصیل عارفوالا سے ساہیوال کی جانب منتقل ہو گئی، انہوں نے مزید بتایا کہ نواحی گاؤں 51 ایس پی میں ٹڈی دل کو مارنے کے لئے سپرے کیا گیا، سپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث فصلیں محفوظ رہیں، تاہم ٹڈی دل کے دوبارہ حملہ کے خطرات بھی ہیں، لیکن اس سے نمٹنے کے لئے تمام اقدامات کر رکھے ہیں۔ آن لائن کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بھی ٹڈی دل ایک بار پھر پہلے سے کئی گنا زیادہ شدت سے حملہ آور ہوگیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سردی کی شدت میں کمی کے بعد گزشتہ دس دنوں سے ٹڈی دل ضلع کے مختلف علاقوں میں کھڑی فصلوں پر ایک بار پھر پہلے سے کئی گنا زیادہ شدت سے حملہ آور ہوا ہے۔ تازہ حملے سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں حبیب رائی‘ کوردان‘ پٹوخ‘ مرو‘ پھیلاوغ‘ بیہہ لوٹی لوپ اور تصحیل سوئی کے بھی اکثر علاقے شامل ہیں۔