بھلوال(نامہ نگار) سیا چین میںفرائض کے دوران شہید ہونے والے بھلوال کے چک 22 شمالی کے رہائشی پاک فوج کے جوان عامر شہزاد ولد خالد ادریس کو نماز جنازہ کے بعد سرکاری اعزازکے ساتھ حویلی گجراں للیانی کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔ نماز جنازہ پیر بہائوالدین آستانہ عالیہ ٹانگوال نے پڑھا ئی۔ جنازہ میں مقامی افراد کے علاوہ پاک فوج کے جوانوں نے کرنل فاروق حیات کی سربراہی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی اور شہیدکی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ میت پہنچنے پر مقامی افرادکی جانب سے پاک فوج اور شہید عامرکے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ شہید عامر شہزاد کی شادی چھ سال قبل ہوئی تھی مگر وہ اولاد سے محروم تھے۔ شہید کی والدہ اور بیوہ نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی موت ہمارے لئے اعزاز ہے ۔ عامر شہزاد کی خواہش تھی کہ وہ شہادت کا رتبہ پائے جو اسے مل گیا ہے۔