لاہور( نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ 5 فروری کو کشمیر ی عوام سے مال روڈ پر بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے۔ 6 ماہ سے 90 لاکھ کشمیریوں کو ایک پنجرئے کے اندر بند ہے عالمی برادری کا ضمیر سویا ہواہے۔ مودی فاشسٹ کو ہر محاذ پر ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ موجود وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح کشمیر یوں کا مقدمہ لڑا اس کی مثال نہیں ملتی۔وہ گذشتہ روز شاہ جمال میں پارٹی رہنماء عاطف مشتاق قریشی اور میاں ہارون سلیم کی رہائشگاہ پر 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کی ت تیاریوں کے حوالے سے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔اعجازاحمد چوہدری نے کہاکہ مسلمانوں کی آزادی کی جہدوجہد کو مسلمانوں کی دہشت گردی سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور جاری کرفیوکا خاتمہ کروائے۔ قائد اعظم نے کہا کشمیر ہماری شہہ رگ ہے جو کہ دشمن کے پنجے میں ہے جس کو ہم نے ہر حال میں آزاد کروانا ہے۔ کشمیری بہن بھائی حقیقی آزادی کے حصول کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیری عوام بھی حقیقی آزادی کے لئے جہدوحہد کررہے ہیں۔
برہان وانی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک میں نئی روح پھونکی اور جان کا نذرانہ پیش کیا۔ دشمن ہمارے حصے کے پانی پر قابض ہے۔ عالمی دنیا مانتی ہے کہ قائد اعظم ے جوکہا وہ سچ ہوا اورششی تھروربھی دوقومی نظریے کو مان گئے۔ مہا تما گاندھی کا بیان دنیا کے سامنے غلط ثابت ہوگیا۔ہندوستان کے اندر بھی آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں دوقومی نظریہ آج دنیا کے سامنے کامیاب ہو چکا ہے۔