کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں پانی وسیوریج کے مسائل کے حل کیلئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کاتعاون حاصل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان اوررکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کے ہمراہ یوسی 22 گلشن اقبال بلاک 9 میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، گلشن اقبال بلاک 9 میں سیوریج کا دیرینہ مسئلہ تھاجس پر چیئرمین معید انور نے واٹر بورڈ کو آن بورڈ لے کر مذکورہ جگہ کا دورہ کیا اور فوری اپنی زیر نگرانی درستگی کے کاموں کا آغاز کروا دیا ہے،مذکورہ علاقے میں سیوریج مسائل کی وجہ سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی تھی انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان کامسئلے کے حل کیلئے مذکورہ جگہ کا دورہ کر کے اقدامات یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا،رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج لائینوں میں رساؤ اور ٹوٹ پھوٹ کے عمل سے شہری پریشان ہیں اس سلسلے میں شہر کو درست کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے ایم ڈی واٹر بورڈ نے اس موقع پر کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، اس موقع پر ایکسئین سیوریج محمد اعجاز و دیگر افسران بھی موجود تھے۔