کراچی تاکشمورپانچ فروری کویوم عزم آزادی کشمیر کے طور پر منایا جائے ،محمدحسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 5فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر پورے صوبے میں جوش وجذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کے مطابق 5فروری کو کراچی سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں
یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلیاں، سیمینار،ہاتھوں کی زنجیر اور مذاکرے منعقد کئے جائیں گے۔جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اورمقامی رہنماء کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر اظہار خیال کریں گے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کارکنان کے نام جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمورپانچ فروری کویوم عزم آزادی کشمیر کے طور پر منایا جائے،مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کو پورے چھ ماہ ہوگئے ہیں ،بھارت نے 35-A کو ختم کردیا۔370 ختم کردیا۔کشمیر کے جھنڈے کو ختم کردیا۔بدترین قسم کی ریاستی دہشتگردی مسلسل جاری ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں 13 ہزار بچے ہندوستان کی جیلوں کے اندر قید ،لائین آف کنٹرول کے اوپر گولہ باری ،سرحدوں پربراہموس میزائل نصب کردیئے گئے، حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو بھارتی حکومت کے کشمیریوں کے لیئے بنائے گئے کالے قانون کے تحت نظربند کیا ہوا ہے۔جب کہ ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد گھروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا، اس عرصے کے دوران 8 ہزار افراد کو پولیس اور فوج کی حراست میں لاپتہ کردیا گیا اور قابض بھارتی فورسز نے 350 ایسے افراد کو بھی شہید کیا جن میں پی ایچ ڈی اسکالرز، حریت رہنما اور پروفیسرز بھی شامل ہیں جب کہ 2 ہزار سے زائد نوجوانوں، طلبا، کم عمر لڑکوں، خواتین اور حریت رہنماؤں کو جیل بھی بھیجا گیا۔لیکن ہمارے حکمران فرماتے ہیں کہ ٹرمپ ثالثی کرے گا۔وہ ٹرمپ ثالثی کرے گا جس کے ساتھ مودی نے جلسہ کیا اور دونوں نے مل کے کہا کہ اسلامک ملیٹینسی کے خلاف ہمارا اتحاد ہے۔وہ ٹرمپ جس نے فرانس میں مودی کے ہاتھ پہ ہاتھ مار کے قہقہہ لگا کے دوستی کا مظاہرہ کیا۔اس ٹرمپ سے یہ ثالثی کی امید رکھتے ہیں۔صوبائی امیر نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا۔بھارت نے جنت نظیر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ بلکہ کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم کرکے انسانیت کو بھی شرمادیا ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے حق خودارادیت دینے کا موقع دینے کے بجائے غاصب فوج نے وادی جنت نظیر کشمیر کو دوزخ اور کشمیریوں کی زندگی اجیرن بناکررکھ دی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام 5فروری کو یومِ عزم آزادی کشمیر میں بھرپور شرکت کرکے بھارتی مظالم کیخلاف اور کشمیریوں سے اپنی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کریں۔دریں اثناء مرکزی امیرسینیٹ سراج الحق کراچی، اسداللہ بھٹوسکھر ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی مٹیاری،صوبائی امیرمحمد حسین محنتی حیدرآباد ،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ لاڑکانہ،نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن جیکب آباد،نائب امیر ممتاز حسین سہتومیرپورخاص، نائب امیرحافظ نصراللہ عزیز خیرپورمیرس،نائب قیم عبدالوحید قریشی ٹنڈومحمد خان، عبدالحفیظ بجارانی گھوٹکی،محمد افضال عمرکوٹ،عبدالقدوس احمدانی بدین،محمد مسلم ٹھٹہ،حافظ نعیم الرحمان کراچی،رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید تھرپارکراورجے آئی یوتھ کے صدرفرہاد گل سانگھڑ میں یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلیوں کی قیادت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن