کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر 5فرور ی کو ملک گیر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کراچی میں شاہراہ فیصل پر میٹروپول ہوٹل تا قائد آباد 20کلو میٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ جس میں کراچی کے عوام، مردو خواتین،نوجوان، بچے،
بزرگ، طلبہ، اساتذہ و علما کرام، وکلا،تاجروں، مزدوروں،صحافیوں،ڈاکٹرز،انجینئرز اور اقلیتی نمائندوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوں گے اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور ریاستی جبر و تشدد کے شکار مظلوم و نہتے کشمیری عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کریں گے۔ سینیٹر سراج الحق خصوصی طور پر شر یک ہوں گے، شاہراہ فیصل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر کا دورہ کریں اور مختلف مقامات پر شرکا سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں یوم یکجہتی کشمیر اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں مہم چلائی جائے گی۔ 3اور 4فروری،پیر اور منگل کو تمام اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور اہم پبلک مقامات، مین شاہراں اور چورنگیوں پر کیمپ لگائے جائیں گے۔ ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی مذمت میں بینرز آویزاں کیئے جائیں گے، لاکھوں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے جائیں گے، قومی پرچم، آزاد کشمیر اور جماعت اسلامی کے جھنڈے لگائے جائیں گے۔ ہر ضلع کے تحت فلوٹس تیار کیے جائیں گے جو شہر بھر میں گشت کرتے رہیں گے۔ کیمپوں اور فلوٹس سمیت عام گاڑیوں پر نظمیں اور ترانے چلائے جائیں گے۔