شیخوپورہ (سلطان حمید راہی، سیف الرحمن سیفی سے،نمائندہ خصوصی) سابق رکن قومی اسمبلی حاجی منور حسین منج کے بیٹے عدنان منور منج کی دعوت ولیمہ کی تقریب میںجب وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر اعجاز شاہ کا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے آمنا سامنا ہوا تو دونوں رہنما مسکرا کر بغل گیر ہوگئے۔ کھانے کی میز سے بات چلتی ہوئی حاجی منور حسین منج کے ڈرائنگ روم تک جا پہنچی، جہاں دونوں رہنمائوں نے ون ٹو ون ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت حکومت اور (ق) لیگ کے اتحاد کو قائم رکھنے اور (ق) لیگ کے مطالبات کو پوراکرنے کیساتھ تحفظات کو دور کرنے پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے بعد دونوں رہنما مسکراتے ہوئے کمرہ سے باہر آگئے تاہم انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرنے سے معذرت کر لی اور کہاکہ وہ صرف شادی کی تقریب میں کھانا کھانے آئے ہیں جس کے بعد دونوں رہنما اپنی اپنی گاڑیوں میں سوار ہوکر روانہ ہوگئے۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے شیخوپورہ میں (ق) لیگ کے صوبائی نائب صدر چودھری شکیل عطاء اللہ ورک کے ڈیرہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات بائو رضوان احمد،سینیٹر کامل علی آغا، سابق کونسلر ز چودھری عطاء اللہ ورک، حاجی فلک شیر ورک، سابق ناظم چودھری ثناء اللہ ورک اوررانا ماجد علی سمیت دیگر موجود تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے چودھری عطاء اللہ ورک سے ضلع شیخوپورہ کی سیاسی، انتظامی ،تنظیمی صورتحال آئندہ ممکنہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا ملاقات میں چودھری شکیل عطاء اللہ ورک نے چودھری پرویز الٰہی کے سامنے ضلع انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر اداروں میں (ق) لیگ کے کارکنان کی عدم شنوائی اور تعاون سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود ہمیں ہر جگہ پر نظر انداز کیا جا رہا ہے کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری تقریب میں نہ تو کبھی مدعو کیا گیا اور نہ ہی ترقیاتی معاملات میںمشاورت لی گئی ہے اس پر چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ حکومت کیساتھ معاملات کو درست کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے وزیراعظم عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نیت پر کوئی شک نہ ہے تاہم بعض کارنرز کی طرف سے ایسے ضرور مسائل اور مشکلات ہیں جس پر (ق) لیگ کے شدید تحفظات ہونے کیساتھ ساتھ اپنے مطالبات کو پیش کیا گیا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ ہم (ق)لیگ کے کارکنان کو کسی بھی طور پر تنہا نہیں چھوڑینگے اور ان کا جائز کام دلانے کیساتھ ساتھ سرکاری محکموںمیں ان کی باعزت شنوائی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرینگے علاوہ ازیں چودھری پرویز الٰہی نے شیخوپورہ میں سابق رکن قومی اسمبلی حاجی منور حسین منج کے صاحبزادے اورسابق ایم این اے چودھری خرم منور منج کے چھوٹے بھائی عدنان منور منج کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ پیر اعجاز حسین شاہ نے کہا ہے کہ ق لیگ کے ساتھ اتحاد قائم رہے گا۔ وہ ہمیں چھوڑ کر کہی جا رہے ہیں اور نہ ہی ہم انہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ گلے شکوے سیاست کا حسن ہے اس سے پیار محبت میں مزید اضافہ ہو تا ہے بعض صحافی بات کا بتنگڑ بنا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت قائم رہے گی اور جب تک عمران خان چاہیں گے عثمان بزدار وزیر اعلیٰ پنجاب رہیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ایم این اے منور حسین منج کے بیٹے اور سابق ایم این اے خرم منور منج کے بھائی عدنان منور منج کی دعوت ولیمہ کے موقع پر نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ پیر اعجاز حسین شاہ اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی کھانے کے بعد ون و ون علیحدگی میں ملاقات بھی ہوئی جس کے بعد دونوں رہنماء ہنسی خوشی باہر آئے پیر اعجاز حسین شاہ نے کہا کہ پاک فوج بھارت کی طرف سے مسلط شدہ جنگ کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے اس سے قبل بھی بھارت نے با لا کوٹ پر حملہ کیا تھا جس پر پاکستان کی ایئر فورس نے بھرپور جواب دیا اور بھارتی جہاز کو نہ صرف گرایا بلکہ ا س کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا اب بھی اگر بھارت نے آزاد کشمیر یا پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت صرف عمران خان کے پاس ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنا سے جس طرح پہلے نمٹاگیا تھا اب دوبارہ دھرنا دیا تو اس سے بہتر طریقے سے سلوک کیا جائے گا۔