بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کے فیصلے ملکی کرکٹ کیلئے تباہ کن ہیں:نعمان بٹ

Feb 02, 2020

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کے فیصلے ملکی کرکٹ کے لیے تباہ کن ہیں۔ مالی معاملات میں شفافیت نہیں ہے یہ دوسرا موقع ہے کہ کرکٹ بورڈ براڈ کاسٹر کے ساتھ سیٹلمنٹ کر رہا ہے۔ بورڈ چیئرمین اور ان کی ٹیم کی غیر پیشہ وارانہ سوچ کی وجہ سے ملکی کرکٹ کو کروڑوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ اپنوں کو نوازنے اور من پسند افراد کو عہدے دینے کی پالیسی عروج پر ہے۔ بورڈ کو مالی طور پر بھی نقصان کو رہا ہے تو کرکٹ کے اعتبار سے بھی ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں جن سے کھیل کے مواقع کم ہوتے اور سکڑتے چکے جا رہے ہیں۔ انیس اگست سے نیا آئین نافذ کیا گیا ہے لیکن فروری شروع ہو چکا ہے اور ابھی تک سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کا کسی کو کچھ علم نہیں ہے۔ کلب کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان ہو چکا ہے۔ پورے ملک میں کلب کرکٹ بند ہو کر رہ گئی ہے۔ کرکٹرز معمولی ملازمتوں پر مجبور ہیں۔ بڑی تعداد بیروزگار ہو چکی ہے۔ برسوں کرکٹ کھیلنے والوں کی ماہانہ تنخواہ پچاس ہزار جبکہ آفیشلز کی تنخواہیں لاکھوں میں ہیں۔ سترہ اپریل کو گورننگ بورڈ کے اجلاس میں محکمانہ اور علاقائی کرکٹ کو بچانے کے لیے آواز بلند کی تھی۔ آج یہ سارے ملک کی آواز ہے۔

مزیدخبریں