لاہور(سپورٹس ڈیسک )امریکہ کی صوفیہ کینن نے آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیت لیا، انہوں نے فائنل میں دو مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن سپین کی گاربین موگوروزا کو شکست دے کر کیریئر کا پہلا بڑا ٹائٹل اپنے نام کیا۔روڈ لیور ارینا، میلبورن میں کھیلے گئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے ویمنز سنگلز کے فائنل میں روسی نژاد امریکی ٹینس پلیئر 21 سالہ صوفیہ کینن نے دو مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن گاربائن موگوروزا کے خلاف پہلا سیٹ 4-6 سے ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کیا۔فورٹین سیڈ صوفیہ کینن نے اگلے دو سیٹس میں موگوروزا کے خلاف 2-6 اور 2-6 سے کامیابی حاصل کرکے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ایونٹ اپنے نام کرلیا۔اس کے ساتھ ہی کینن 2008ء کے بعد آسٹریلین اوپن جیتنے والی کم عمر ترین پلیئر بھی بن گئی ہیں، 12 سال قبل روسی ٹینس سٹار ماریہ شراپووا نے سربیا کی اینا ایوانو وچ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اْس وقت دونوں پلیئرز کی عمر 20 سال تھی۔ آسٹریلین اوپن ٹائٹل حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کینن نے کہا کہ یہ میری پہلی تقریر ہے لیکن میں اچھی تقریر کی کوشش کروں گی۔ا اس جیت کے ساتھ ہی میرا خواب پورا ہوگیا ہے، اگر آپ کا کوئی خواب ہے تو اْس کے لیے کوشش کریں وہ ضرور پورا ہوگا۔
امریکی صوفیہ کینن نے آسٹریلین اوپن کا ویمنز ٹائٹل جیت لیا
Feb 02, 2020