عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس:امریکی صدر ٹرمپ کا مشرقِ اوسط امن منصوبہ مسترد

Feb 02, 2020 | 12:24

ویب ڈیسک

عرب لیگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیش کردہ مشرقِ اوسط امن منصوبہ مسترد کردیا ہے اور اس کو فلسطینیوں کے لیے یکسر غیرمنصفانہ قراردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے قاہرہ میں اپنے ہنگامی اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ کے پیش کردہ امن منصوبے پر غور کیا۔اس کے بعد تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ وہ امریکا ،اسرائیل کی صدی کی ڈیل کو مسترد کرتی ہے۔یہ فلسطینی عوام کے کم سے کم حقوق اور امنگوں کو پورا نہیں کرتی ہے۔عرب لیڈروں نے اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا بھی اعلان کردیا۔عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اپنے کلمات میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ اسرائیل، فلسطین تنازع کے بارے میں امریکا کے دیرینہ موقف سے سرمو انحراف کا عکاس ہے۔اس تبدیلی سے امن اور تنازع کے منصفانہ حل کے حصول میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں نے امریکی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔انھوں نےاسرائیلیوں اور فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ دونوں طرفین کے اطمینان کے مطابق تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کریں۔انھوں نے عرب لیگ کے رکن ممالک پر بھی زوردیا کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کے مشرقِ اوسط امن منصوبے کے ردعمل میں ایک مشترکہ موقف وضع کریں۔

مزیدخبریں