فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ تین سو بیس ارب روپے اکٹھے کئے ہیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں جمع شدہ محاصل سے17 فیصد زیادہ ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں چالیس فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے قومی نصب العین کے حصول میں پاکستانی عوام کی شمولیت اور اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایف بی آر نے برآمد کنندگان کے ریفینڈ کلیمز کی ادائیگیوں میں حائل رکاوٹیں بھی کافی حد تک دور کردی ہیں اور رواں سال ریفنڈز کی ریکارڈ ادائیگیاں کی گئی ہیں۔موجودہ سال کے دوران اب تک گزشتہ سال کے 65ارب روپے کے مقابلے میں مجموعی طورپر تقریبا ایک سو بیس ارب روپے ریفنڈ کئے گئے ہیں۔