پی  ٹی آئی عوام دشمن، مافیا فرینڈلی، ملک بحرانوں کی آماجگاہ بن گیا: سراج الحق

Feb 02, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن اور مافیا فرینڈلی  ہے۔ پاکستان ایک کے بعد ایک بحران کی آماج گاہ بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے بیان دیا ہے کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ ہمیں ان کے بیان پر حیرانی نہیں ہوئی۔ شاید وہ بنی گالہ کو ہی پورا ملک سمجھتے ہیں۔ مہنگائی کا جن قابو میں نہ آیا تو بہت جلد حکومت کو کھا جائے گا۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم زمینی حقائق سے بے خبر، ٹویٹر اور ٹیلی فونز کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ معاشی عدم تحفظ سے اب عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار  انہوں نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے وبا پر مسلسل پانچویں دفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ثابت کر دیا کہ حکمرانوں کو عالمی مالیاتی  اداروں کی تابعداری کے علاوہ کچھ اور نہیں سوجھتا۔  غریب عوام حکمرانوں کو گریبانوں سے پکڑنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ قوم کو اپنا بہتر مستقبل نظر نہیں آ رہا۔ جس کی وجہ سے وہ ذہنی پریشانی سے دوچار ہیں۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں امیر سینیٹر سراج الحق نے اپنے دورہ سرگودھا  کے حوالہ سے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ شاہینوں کے شہریوں کا شکریہ جو اتنی بڑی تعداد جلسہ میں شریک ہوئے جن کو دیکھ کر دل خوش ہوگیا۔ فروری  اور مارچ میں مزید جلسہ عام کریں گے۔ جماعت اسلامی قومی کی حقیقی آواز بنے گی۔ جو غریب عوام کا سکون چھین کر کہتے ہیں قبر میں سکون ملے گا کہتا ہوں کہ یہ غریبوں کا خون چوسنے والے ہیں جن کو قبر میں  سکون نہیں ملے گا۔

مزیدخبریں