اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن نے خیبر کے پی کے اور پنجاب حکومت کی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کو مسترد کردیا۔ پنجاب کے حکام کو وارننگ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے تو پھر پرانے قوانین کے تحت انتخابات کرائے دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبرپی کے نے الیکشن کمیشن کو ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز سے باقاعدہ آگاہ کر دیا۔ پنجاب حکومت نے پنجاب کے 9 ڈویژنز میں تین مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دے دی۔ موقف اختیار کیا گیاکہ پنجاب حکومت صوبے میں تین مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔ خیبرپی کے حکومت نے بھی صوبے میں ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکام کی سرزنش کی کہ اگر صوبوں نے نئے بروقت اقدامات نہ کیے تو پرانے قوانین پر بلدیاتی انتخابات کروا دیں گے۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی طرف سے وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی شرکت کی۔ خیبرپی کے سے صوبائی وزیر اکبر ایوب، چیف سیکرٹری کے پی کے اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی تجاویز کا جائزہ لے کر دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔