لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ساجد کیانی کی ڈی آئی جی آپریشنز دفتر آمدکے موقع پر ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی ابرار خلیل سمیت دفتری عملے نے پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز کوپولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ساجد کیانی کا تعلق پولیس سروس کے30ویں کامن سے ہے۔وہ اس سے قبل ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ راولپنڈی ریجن، ڈی پی او حافظ آباد،ایس ایس پی اسلام آباد،ڈائریکٹر آئی بی راولپنڈی سمیت دیگرکلیدی عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے یادگار شہداء مال روڈ پر حاضری دی۔ ڈی آئی جی اشفاق خان،ایس سول لائنزڈویژن رضاصفدر کاظمی اور ڈی ایس پی فر حت عباس سمیت دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر سلامی دی۔دونوں افسران نے یادگار شہداء پر پھولوں کی ریتھ چڑھائی اورشہداء پولیس کے بلند ی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ دریں ثناء ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ساجد کیانی نے دربار داتا علی ہجویری ؒکا دورہ کیا اور دربار کے داخلی راستوں پر زائرین کی چیکنگ و جسمانی تلاشی کے عمل کا جائزہ لیا ۔ایڈیشنل ایس ایچ او داتادربارسب انسپکٹریاسر بشیر، انچارج سکیورٹی دربارانسپکٹر عطاء محمد و دیگر افسران اس موقع پر ہمراہ تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے قبر مبارک پرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوںنے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور الرٹ ہوکر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی ۔ساجد کیانی نے کہا کہ زائرین کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی دربار میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔