نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (کل) بدھ کو ملک گیر انسداد کورونا مہم کا آغاز کریں گے ، پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں کورونا صورتحال سمیت کورونا ویکسین سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ آگئی، وزیراعظم کل افتتاح کریں گے، پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین دی جائے گی جبکہ 18سال سے کم عمر بچوں کو ابھی کورونا ویکسین نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں پی ایس ایل میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت پر بھی غور کیا گیا کہ اسٹیڈیم میں محدود لوگوں کو اجازت دی جائے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پہلے فیز میں حساس 15 شہروں کےفرنٹ لائن ورکرز کی ویکسی نیشن ہوگی، آئسولیشن مراکز،نجی، سرکاری اسپتالوں کے عملے کی ویکسی نیشن ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک گیرانسداد کورونا مہم کا آغاز کل دن 11بجے این سی او سی میں ہو گا، وفاق، صوبوں میں انسداد کورونامہم کا آغاز بیک وقت ہو گا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک بھر سے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کی رجسٹریشن جاری ہے، رجسٹرڈفرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی تعداد 5 لاکھ 3 ہزار سےتجاوزکر چکی ہے،31 مارچ سےقبل ملک کے ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن مکمل کی جائےگی۔
وزیراعظم عمران خان (کل ) ملک گیر انسداد کورونا مہم کا آغاز کریں گے
Feb 02, 2021 | 17:03