دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ پر  نیپرا کی سماعت مکمل‘ فیصلہ محفوظ 

Feb 02, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل کرتے ہو ئے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ،نیپرا میں دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں ہوئی۔دورانِ سماعت بریفنگ میں بتایا گیا کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فی یونٹ 3روپے 12پیسے اضافہ مانگ رکھا ہے، بجلی کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ فیول کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مانگے گئے اضافے کا بوجھ 26 ارب 60 کروڑ روپے بنتا ہے، دسمبر میں 8 ارب 82 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ساڑھے 8 ارب یونٹ سے زیادہ بجلی فروخت ہوئی۔دورنِ سماعت نیپرا حکام نے کہا کہ مختلف ایڈجسٹمنٹس کے بعد دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 3 روپے 9 پیسے بنے گی، دسمبر میں ایل این جی قلت کے باعث بھی صارفین پر 2 ارب 60 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا،وائس چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی بتائے کہ پاور پلانٹس کو ایل این جی کا مسئلہ کب حل ہو گا، ایل این جی مسائل حل کیے جائیں۔نیپرا نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل کر لی جس کا فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

مزیدخبریں