لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان کا اہم اجلاس پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق ہوا۔ جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمشن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی حکومت کی طرف سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے شرکت کی۔ الیکشن کمشن کو سیکرٹری الیکشن کمشن نے بریف کیا کہ صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے لئے حلقہ بندی کا عمل جاری ہے۔ صوبائی حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت ڈارفٹ الیکشن رولز الیکشن کمشن کو 24 جنوری کو مہیا کر دیئے ہیں جس پر الیکشن کمشن نے کام مکمل کر لیا ہے اور اس سلسلے میں فیڈ بیک 2دن تک صوبائی حکومت کو بھیج دیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2019ء کی صوبائی اسمبلی سے جلد ازجلد قانون سازی یقینی بنائی جائے۔ مزید الیکشن کمشن کو کنڈکٹ آف الیکشن رولز کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ صوبہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے تجویز پیش کی کہ صوبائی حکومت صوبہ میں دو مرحلوں میں انتخابات کروانا چاہتی ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبائی حکومت ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں انتخابات 15 مئی 2022 سے 31 مئی تک کروانا چاہتی ہے۔ اس پر الیکشن کمشن نے واضح کیا کہ الیکشن کمشن حلقہ بندیوں اور قانون کے مطابق الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کے بعد الیکشن کا شیڈول جاری کردے گا۔ لیکن الیکشن کمیشن یہ فیصلہ کرے گا کہ کن اضلاع میں پہلے مرحلے میں انتخابات ہونگے اور کن اضلاع میں دوسرے مرحلے میں انتخابات ہونگے کیونکہ انتخابات کے مکمل انتظامات اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ الیکشن کمشن نے یہ بھی واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی گزارشات کو مدنظر رکھا جائے گا۔