سری نگر(کے پی آئی) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کی تبدیلی کے بھارتی منصوبے کے تحت بھارتی صنعت کاروں کو زمین کی الاٹ منٹ کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے ، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے مختلف صنعتی اسٹیٹس میں600 کشمیری الاٹیوں کو صنعتی پلاٹ خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ جموں و کشمیر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن 600 کشمیری الاٹیوں سے خالی کرائی گئی زمین کو نئی انڈسٹریل پالیسی کے تحت استعمال کرے گی۔ اس زمین کو بھارتی صنعت کاروں کو الاٹ کیا جائے گا۔جبکہ بھارتی پولیس نے دو کشمیری صحافیوں فہد احمد اور ماجد حیدری کو پلوامہ میں ایک فوجی کارروائی کے دوران چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بارے میں خبر دینے پر طلب کیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جنوری 2 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں ایک کشمیری لڑکا بھی شامل تھا۔دوسری جانب جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو اقلیت میں تبدیل کرنے بھارتی منصوبے کے تحت جموں کے مسلمان گوجر بکروال خاندانوں کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ بھارتی فورسز نے دو ہفتے قبل جموں کے علاقے روپ نگر میں ان کے گھر مسمار کر دیے تھے ۔ مسلمان گوجر بکروال کمیونٹی کا احتجاج جاری ہے ۔