ڈی جی خان کیلئے 15منصوبوں کا افتتاح،سنگ بنیاد ایک لاکھ 30ہزار سامیوں پر بھرتی کرینگے:عثمان بزدار

Feb 02, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کیلئے اربوں روپے کے 15 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔   62 کروڑ 60 لاکھ روپے کے 3 پراجیکٹس‘ نواحی بستیوں کو دریائی کٹاؤ سے بچانے کے لئے حفاظتی بند، گاجنی اسکیپ پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایک کروڑ 78 لاکھ روپے کی لاگت سے پل ڈاٹ چوک کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے‘ شہر خاموشاں ماڈل قبرستان کوٹلہ سکھانی غربی ڈیرہ غازی خان کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا اور  9 ارب روپے کے 12 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا  اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں۔  ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ ماضی کی نسبت جنوبی پنجاب کو کہیں زیادہ وسائل دیئے جا رہے ہیں۔ اب عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا، افسر اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ وزیراعلی نے ڈیرہ غازی خان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی پر اظہار عدم اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز دینے کے باوجود ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو درکار مشینری خریدنے میں غیر ضروری تاخیر کی گئی۔ مشینری کی خریداری میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلی نے ڈی جی خان ڈویلپمنٹ پیکیج کے بعض ترقیاتی منصوبوں میں سست روی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کام چاہیے، افسر نتائج دیں۔ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری خود فیلڈ میں جا کر منصوبوں کا جائزہ لیں۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان میں خالی آسامیاں فوری طور پر پر کی جائیں۔ پنجاب فرانزک لیب ڈی جی خان میں بنائی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں گھپلے برداشت نہیں،جنوبی پنجاب کے سیکرٹری براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔ علاوہ ازیں صحت کارڈ کے اجراء پر تقریب سے خطاب  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کی 63 فیصد آبادی نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہی ہے۔ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجراء  ریاست مدینہ کے قیام کی طرف بڑا قدم ہے۔  پنجاب کی 63 فیصد آبادی قومی صحت کارڈ کے تحت مفت ہیلتھ کوریج سے مستفید ہو رہی ہے۔ جلد فیصل آباد، ملتان اور دیگر اضلاع میں بھی ہیلتھ کارڈ کا اجراء کریں گے۔ مارچ کے آخر تک ساڑھے 11 کروڑ افراد کو قومی صحت کارڈ فراہم کر دیا جائے گا۔ 400 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرکے مفت علاج کا وعدہ پورا کریں گے۔  جلد وزیراعظم عمران خان کو بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سنگ بنیاد کیلئے مدعو کریں گے۔گزشتہ ادوار میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر جتنا خرچ کیا گیا صرف چھ ماہ میں اس سے زیادہ خرچ کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار سے اسلامیہ یونیورسٹی بغداد کیمپس بہاولپور میں بہاولپور ڈویژن  کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ارکان نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی صحت کارڈ کا اجراء پی ٹی آئی کا بہت بڑا تحفہ ہے۔  وزیراعلیٰ کے حکم پر ڈیرہ غازی خان کے سکول میں کتوں کے کاٹنے سے طالب علم کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر تین افسروں کو معطل کر دیا گیا  معطل ہونے والے افسروں میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ریسکیو 1122 اور سکول پرنسپل شامل ہیں۔سردار عثمان بزدار نے ایک لاکھ 30 ہزار آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا نوجوانوں کو بھرتی کی بالائی حد میں 2 برس کی رعایت بھی دی جائے گی ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں انتظامی سہولت کیلئے نئی تحصیلیں اور اضلاع بنائے جا رہے ہیں نئی تحصیلوں اور اضلاع کیلئے خصوصی کمیٹی کام کر رہی ہے چاہتے ہیں نئی تحصیلیں اور اضلاع بنائے جائیں لیکن لوکل گورنمنٹ الیکشن کے باعث اعلان نہیں کیا جا سکتا لوکل گورنمنٹ کا بل جلد پاس ہو گا اور لوکل گورنمنٹ الیکشن سے عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں گے حکومت ملک کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ کبھی غلط کام کیا ہے نہ کرنے دیں گے مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے۔  عثمان بزدار نے سینئر صحافی ساجد عمر گل کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

مزیدخبریں