کراچی (نیوز رپورٹر)وزیر اطلاعات و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریگل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن 27 فروری کو چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر لانگ مارچ میں بھرپور حصہ لے گی اور ہزاروں کی تعداد میں عوام چئیرمین بلاول بھٹو کے ساتھ اسلام آباد کے لئے مارچ میں شامل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، شہلا رضا، شاہدہ رحمانی، مرزا مقبول، سردار خان، ذوالفقار قائمخانی، امان اللہ محسود، آصف خان، شکیل چوہدری، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، جنرل سیکٹریری، انفارمیشن سیکرٹری، پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنس، پیپلز لیبر بیورو، پیپلز لائرز فورم، خواتین ونگ سمیت تمام ونگز کے صدور، جنرل سیکٹریری، پی ایس کے صدور و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ سعید غنی پیپلز پارٹی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 فروری بروز ہفتہ کو دوپہر 2.00 بجے، ریگل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور آزادی کشمیر پیپلزپارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ 27 فروری کے لانگ مارچ میں کراچی سے ہزاروں کی تعداد میں عوام چئیرمین بلاول بھٹو کے ساتھ شریک ہوں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ 27 فروری کو کراچی تا اسلام آباد تک لانگ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے لئے لسٹوں کا کام مکمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام اس لانگ مارچ کے لئے تیار ہیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ لانگ مارچ کے لئے کراچی تا کشمور تک تیاریاں عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لانگ مارچ 27 فروری کو مزار قائد سے شروع ہوگا اور اس کا پہلا پڑائو حیدرآباد میں ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے کہا کہ 27 فروری کے حوالے سے ڈسٹرکٹ اپنے اپنے سٹی ایریاز کے اجلاس کے لئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن 5 فروری سے باقاعدہ عوامی رابطہ مہم برائے لانگ مارچ کا بھی آغاز کرے گی اور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم کے ذریعے کراچی کی تاجر برادری، مارکیٹ الائنس، طلبہ تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے رابطہ کرکے انہیں لانگ مارچ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام تیار،5کویوم کشمیر،27فروری کو لانگ مارچ،سعید غنی
Feb 02, 2022