لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب کی ثقافت کا فروغ حکومت پنجاب کا عزم ہے ۔ ثقافتی سرگرمیوں سے منسلک اداروں کی بقا میں ہی ہماری ثقافت کی بقا ہے۔ ثقافت کے فروغ کیلئے مصروف عمل ثقافتی تنظیمیں بلاشبہ گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ موجودہ حکومت نے تاریخ میں پہلی بار ثقافتی پالیسی وضع کی ہے۔ ثقافتی پالیسی کا بنیادی مقصد ثقافتی تنظیموں کی بحالی اور فن اور ثقافت کے فروغ کیلئے کام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ثقافت و کالونیز خیال احمد کاسترو نے الحمرا آرٹ کونسل میں ادبی و ثقافتی تنظیموں کے درمیان امدادی چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری فرحت جبیں، چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ذوالفقار زلفی بھی شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ 47 ثقافتی و ادبی تنظیموں میں تقریباً 90 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی گئی ۔ ثقافتی سرگرمیوں اور ادب کی ترویج سے منسلک اداروں کی بقا میں ہی ہماری ثقافت کی بقا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال کر ترقی نہیں کر سکتی۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب کے ثقافت کے حقیقی رنگ دنیاکے سامنے پیش کئے جائیں گے ۔