اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔ ٹیکس نہ دینے والوں تک پہنچ رہے ہیں۔ ایف آئی اے اچھا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔ ان چیزوں کو آٹومیشن سے ہی ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔ محکہ کسٹمز میں بھی سنگل ونڈو لا رہے ہیں۔ سامان چین سے درآمد اور انوائسنگ دبئی سے ہو رہی ہیں۔ اس کا مطلب ہے دال میں کچھ کالا ہے۔ کئی دہائیوں سے ہم تماشا دیکھتے رہے۔ اب ایسا نہیں ہو گا۔ ٹیکس ہدف بہت جلد پورا کر لیں گے۔ ٹیکس وصولیوں اور زرمبادلہ کے شعبوں میں ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پی آئی اے کے کارپوریٹ بزنس پلان کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ دریں اثناء شوکت ترین سے پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیر نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان گزشتہ برسوں سے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور یہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جائیں گے۔