مقررہ مدت سے دو ماہ پہلے 500 کے وی گرڈ فیصل آباد کا پہلا فیز مکمل،انرجائز کردیا

Feb 02, 2022

لاہور (نیوزرپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے مقررہ مدت سے دو ماہ پہلے 500 کے وی گرڈ فیصل آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن کا پہلا فیز مکمل کرکے انرجائز کردیا، فیسکو کو بجلی کی سپلائی جاری۔ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے این ٹی ڈی سی نے آئندہ موسم گرما کے دوران فیسکو کے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے حکومتی وعدے کو پورا کر دیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر منظور احمد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، این ٹی ڈی سی انجینئرز اور سینئر حکام کے ہمراہ 500کے وی فیصل آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیا۔ گرڈ سٹیشن پر منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر، پاور ڈویڑن اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہدایات کے مطابق این ٹی ڈی سی اپنے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے پر توجہ دے رہی ہے جس سے موسم گرما اور رمضان کے ماہِ مقدس میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب کو پوراکیا جاسکے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر منظور احمد نے کہا 500 کے وی فیصل آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن9379 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ گرڈ سٹیشن پر 750 ایم وی اے کے 2 اور 250 ایم وی اے کے 3 ٹرانسفارمرز نصب کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں