سندھ میں بلدیاتی نظام کی تبدیلی تک جدوجہد جاری رہے گی: وزیر خارجہ

Feb 02, 2022

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔  وزیر خارجہ نے میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں، وزیر خارجہ کو موجودہ جیو سٹرٹیجک ماحول میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز کے بارے میں  ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) وائس ایڈمرل نوید اشرف نے بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے ملک کی سمندری سرحدوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ امن اور جنگ دونوں کے دوران ملک کی سمندری سرحدوں اور پاکستان کے سمندری مفادات کا دفاع کرتی رہے گی۔ علاوہ ازیں  شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد سندھ کے امتیازی بلدیاتی نظام کی تبدیلی تک جاری رہے گی۔ یہ بات انہوں نے صدر پی ٹی آئی سندھ و وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو  وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے جس طرح ریاستی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ترکی کے نائب وزیرخارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر ترکی کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو درپیش معاشی اور انسانی بحران کے تدارک کیلئے مشترکہ ذمہ داری کے تحت‘ بین الاقوامی برادری کی مستقل معاونت ناگزیر ہے۔
 وزیرخارجہ 

مزیدخبریں