لاہور (سپورٹس رپورٹر)یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے لاہور قلندرز اور جنوبی افریقہ کی فرنچائز مومینٹم ملٹی پلائی ٹائٹنز کیساتھ تین طرفہ شراکت داری کے معاہدے کا اعلان کردیا۔ معاہدے کے تحت تین براعظموں کے باصلاحیت نوجوان مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو بیرون ملک سکالرشپ اور دنیائے کرکٹ کے چند بہترین کھلاڑیوں کیساتھ تربیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔شراکت داری کا یہ معاہدہ لاہور قلندرز اور یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے موجودہ تعلقات پر استوار ہے جس کا اعلان دسمبر 2021 میں کیا گیا تھا۔اب تک پاکستان بھر میں 5 لاکھ سے زائد نوجوان لاہور قلندرز کے عالمی شہرت یافتہ پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں۔یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے چیئر اور بریڈ فورڈ او بی ای کے پروفیسر دی لارڈ پٹیل نے کہا کہ شراکت داری کرنے پر بے حد پرجوش ہیں۔