لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملا نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا معیار بہت بلند ہے، مضبوط پاکستان کرکٹ کا مطلب ہے کہ دنیائے کرکٹ مضبوط ہو گی اور یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہو رہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کیساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا، آپ کو پاکستان میں موجود بہترین ٹیلنٹ اس فرنچائز میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس کا تمام تر کریڈٹ کوچز کو جاتا ہے جو لیگ کے آغاز سے ایک ماہ قبل ہی ان کھلاڑیوں کیساتھ کام کرتے ہیں، یہ تمام کھلاڑی انتہائی باصلاحیت ہیں اور ہم انٹرنیشنل کرکٹ سے حاصل ہونے والا تجربہ انہیں منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میں ان نوجوان کیساتھ کام کر کے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں کیونکہ یہ انتہائی باصلاحیت کرکٹرز ہیں جو سیکھنا چاہتے ہیں اور مستقل سوالات پوچھتے رہتے ہیں کہ کیسے کھیل میں مزید بہتری لا سکتے ہیں۔ حیدر علی اور حسین طلعت جیسے نوجوان انتہائی ٹیلنٹڈ ہیں اور ان کا مستقبل بہت تابناک ہے، یہ بہت سخت محنت کررہے ہیں اور میں نے ناصرف ٹی20 بلکہ کھیل کے بقیہ فارمیٹس کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کیں۔کرکٹ کبھی بھی ایک آسان کھیل نہیں رہا لہٰذا یہ کہنا درست نہیں کہ آپ ٹاس جیت کر ہدف کا باآسانی تعاقب کر سکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کی مضبوطی سے دنیائے کرکٹ مضبوط ہو گی: ہاشم آملا
Feb 02, 2022