لاہور(لیڈی رپورٹر) محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب نے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے وسل بلور مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے تعلیمی اداروں کی خفیہ نگرانی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی۔ڈی جی سوشل ویلفیئرمدثر ریاض ملک وسل بلور ٹاسک کے سربراہ، صفدر عباس وسل بلور مہم کی ٹاسک فورس کے سیکرٹری جبکہ ڈائریکٹر پی اینڈ ای محمد سلیمان، ڈائریکٹر پروگرام زیب وسیم، ڈویژنل مبشرجاوید، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی پرویز اختر، رابعہ عثمان، طاہرہ یاسر، نادیہ اکرام، کنسلٹینٹ ڈرگ ایڈوائزری حب سید ذوالفقار حسین ممبرز میں شامل ہوں گے۔وسل بلور مہم کی کامیابی کے لیے فری ہیلپ لائن قائم کی جائے گی۔ ڈی جی سوشل ویلفیئرمدثر ریاض ملک نے بتایاکہ منشیات سے متعلق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گااورمنشیات کے تدارک کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائیگی۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق طلبہ کی نشاندہی کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں نشاندہی پر اساتذہ کی مدد سے طلبہ کی کونسلنگ کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں والدین کو آن بورڈ لیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی کرنے والے گروہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔