راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویثرن نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ آرٹسٹ امن کاسفیرہوتا ہے جس سے وہ اپنے آرٹ کے ذریعے محبت، رواداری اور برداشت کا پیغام دیتا ہے۔ پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں مشترکہ مصوری نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب میں خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ نمائش میں نجم کاظمی، آفتاب احمد چنگیزی، عظیم اقبال، عبدالرحمن تابانی(گوجر خان)، آصف حسین، اشرف ہیرا، رحمت علی(گوجر خان)، محمد حسین، ایمن محمود، جواہر القلم عادل محمود(گوجر خان) اور محمود علی کے بنائے ہوئے آرٹ کے نمونے رکھے گے تھے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویثرن نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ تجربہ کار اور نوجوان آرٹسٹوں کے فن پاروں کو ایک جگہ سمیٹ کر سجائی گئی نمائش میں آنا یادگار تجربہ ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ اس ملک میں فن کے ہر شعبہ میں نامور آرٹسٹ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی نامور آرٹسٹوں کا تعلق خطہ پوٹھوہار سے ہے اور انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا ہر جگہ منوایا ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے خطاطی کے نمونوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس نمائش میں رکھے گے قدیم طرز کے خطاطی کے نمونے پوری دنیا میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔