پنجاب  کے کا شتکاررواں  ماہ کے آخر تک مکئی کاشت مکمل کر سکتے ہیں

Feb 02, 2022

راولپنڈی (جنرل رپورٹر )محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بہاریہ مکئی کی کاشت 22 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کی جاتی ہے ۔مکئی کی کامیاب کاشت کے لئے بھاری میرا، گہری ، 1.0فیصد سے زائدنا میا تی مادہ رکھنے والی، 7 سے8  پی ایچ کی حامل اور پانی کو بخوبی جذب کرنے والی زمین موزوں ہے۔ ریتلی، کلراٹھی اورسیم زدہ زمین مکئی کی کاشت کے لئے موزوں نہیں ہے۔ کاشتکار بہاریہ مکئی کی منظور شدہ ہائبرڈ اقسام وائی ایچ1898 ، ایف ایچ988 ،ایف ایچ1046 اور وائی ایچ 5427 کی کاشت رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر سکتے ہیں اس کے علاوہ مکئی کی منظور شدہ عام اقسام ملکہ2016، گوہر19، سا ہیوال گولڈ، سمٹ پاک، پاپ 1 اور سویٹ1 کی کاشت پنجاب کے پہاڑی و میدانی علاقوں میںفروری کے آخر تک کاشت مکمل کر سکتے ہیں۔ مکئی کے کاشتکار آبپاش علاقوں میں وٹوں پر کاشت کے لئے شرح بیج 8 تا10 کلوگرام فی ایکڑ جبکہ بارانی علاقوں میں ڈرل سے کاشت کی صورت میں 12 تا15 کلو گرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں۔ زمین کے انتخاب کے دوران زیرِ زمین اچھے پانی کی دستیابی ، زمین میں بوئی گئی سابقہ فصل اور کھیتوں کے اردگرد موجود درختوں وغیرہ کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بہاریہ مکئی کوبڑھوتری اوربرداشت تک لمبے دنوں کی وجہ سے زیادہ روشنی اور مناسب درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے۔

مزیدخبریں