’کوئے ظرافت‘

Feb 02, 2022

اردو اور پنجاب کے معروف شاعر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی مزاح پر مبنی شاعری کی کتاب ,,کوئے ظرافت‘‘ فلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نے حسب روایت بہت خوبصورت انداز میں شائع کرکے مارکیٹ میں لاؤنچ کر دی ہے۔ کتاب کی طباعت اور شااعت کا خاص اہتمام کیا گیا۔ قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل طرہ امتیاز ہے کہ وہ اپنی ذاتی توجہ سے کتاب کو اس قدر بنا سنوارکے شائع کرتے ہیں کہ اس ادارے کی ہرکتاب شاہکار کا درجہ اختیار کر لیتی ہے۔ڈاکٹر انعام الحق جاوید اردو اور پنجابی زبان کے شاعر محقق اور نقاد ہیں۔ 1981ء میں اکادمی ادبیات میں ریسرچ آفیسر کی حیثیت سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا۔ 1986ء میں مقتدرہ قومی زبان اسلام آباد سے منسلک ہوئے جہاں ماہنامہ ’’اخبار اردو‘‘کے ایڈیٹر اور شعبہ تصنیف و تالیف کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتے رہے۔ 1997ء میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے وابستہ ہوئے۔ 2011ء میں الخیر یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر مقرر ہوئے۔ آپ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈئرایکٹر بھی رہے ہیں۔ آپ پنجابی‘ اردو کتابوں کے مصنف ہیں جن میں شاعری اور نثر دونوں طرح کی کتب شامل ہیں۔ ’’کوئے ظرافت‘‘ ان کی بائیسویں کتاب ہے جو زیور طباعت سے آراستہ ہوئی ہے۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید بحیثیت شاعر پوری دنیا میں جانے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کا شمارصف اول کے شعراء میں ہوتا ہے۔ جس مشاعرے میں شرکت کریں وہ مشاعرہ لوٹ لیتے ہیں۔ شاعر اور اسکالر کی حیثیت سے برطانیہ‘ امریکہ‘ جرمنی‘ اٹلی‘ فرانس‘ ناروے‘ متحدہ عرب امارات‘ تھائی لینڈ‘ ایران‘ سعودی عرب اور دیگر کئی ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی شاعری اور کلام میٹرک‘ ایف اے کے نصاب کا حصہ ہے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے سیکٹروں پروگراموں میں بطور شاعر‘ سکالر‘ ادیب‘ کمپیئر اور دانشور کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کی نئی کتاب ’’کوئے ظرافت‘‘ اردو کے مزاحیہ ادب میں خوبصورت اضافہ ہے جس کو حسب سابق مقبولیت حاصل ہوگی۔ کیونکہ ڈاکٹر انعام الحق جاوید مزاحیہ شاعری میں اپنا ایک الگ مقام و مرتبہ رکھتے ہیں۔ یہ کتاب قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے دفتر واقع یثرب کالونی بینک سٹاپ والٹن روڈ لاہور سے براہ راست طلب کی جا سکتی ہے اور پاکستان کے ہر بڑے بک سٹال پر بھی دستیاب ہے۔(تبصرہ۔ سلیم اختر)

مزیدخبریں