فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں زیر تعمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور سردار فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا معائنہ بھی کیا۔حکام نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی اور عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعمیراتی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس اسپتال پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ 200 بستروں پر مشتمل یہ اسپتال ڈیرہ غازی خان کے لوگوں کے لئے ایک تحفہ ہے. 100 بیڈز کو رواں برس اوائل میں فنکشنل کیا جائے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ اسپتال میں علاج معالجے کی اسٹیٹ آف آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں گی. جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اس انسٹی ٹیوٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ علاج معالجے کی سہولتیں ملیں گی۔انکا کہنا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جارہا ہے، فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں خود ترقیاتی منصوبوں کا آن گراؤنڈ جاکر جائزہ لیتا ہوں اور تعمیراتی کام کو چیک کرتا ہوں۔عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے لوگ بھی اس انسٹی ٹیوٹ میں علاج کرا سکیں گے. انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی مقررہ وقت میں مکمل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق دور میں جنوبی پنجاب میں لوگوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم رکھا گیا، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں میں اضافہ کیا. ہم جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کو ختم کر کے دم لیں گے۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر حنیف پتافی، ایم پی اے سردار احمد علی دریشک، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن