عالمی ادارہ صحت کی کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے نافذ کردہ ہنگامی حالت کو 2 سال مکمل

Feb 02, 2022 | 17:01

ویب ڈیسک

عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر قابو پانے کے لئے نافذ کی گئی ہنگامی حالت کو 2 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاﺅ کے باعث 30 جنوری 2020 کو ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جسے 2 سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا ہے۔امریکا کی جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد دنیا بھر میں 37 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد کووڈ 19 سے متاثر ہو ئے اور اس وائرس سے 57 لاکھ کے قریب افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ وائرس کی نئی متغیر اقسام بھی سامنے آئی ہیں جن سے انفیکشنز کی کئی لہریں آ چکی ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایدہانوم گیبریسس نے خبردار کیا ہے کہ وائرس کی متغیر قسم اومی کرون انتہائی تیز رفتاری سے دنیا بھر میں پھیل رہی ہے اور اس عالمی وبا کے خاتمے کے ابھی کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ واضح رہے کہ اب بعض ممالک میں وائرس کے ساتھ زندگی گزارنے کا عادی ہونے کی غرض سے پابندیوں میں نرمی کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں