نیپرا نے کراچی کی دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دو روپے انسٹھ پیسے فی یونٹ کمی کا تعین کر لیا جس کے بعد صارفین کو تین ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ کے الیکٹرک کے دسمبرکے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں سماعت ہوئی۔ چئیرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے سماعت کی صدارت کی۔ کے الیکٹرک نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے اسّی پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی۔ نیپرا کی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق دو روپے انسٹھ پیسے کمی بنتی ہے اس سے قبل نومبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چھہتر پیسے کمی کی گئی تھی جو کہ صرف ایک مہینے کے لئے تھی۔ دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ نومبر کی نسبت ایک روپے تیراسی پیسے مزید کم چارج کیا جائے گا تاہم اس کمی کا اطلاق بھی صرف ایک مہینے کے لئے ہوگا نیپرا اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی.