گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان ڈاکٹر زین علی بھٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس گردی ہوئی ہے،نگران حکومت نے ظلم و بربریت اور فساطیت کا بازار گرم کر دیا اور انتقامی طرز سیاست شروع کیا ہوا ہے اسکی مذمت کرتا ہوں ،نگران وزیر اعلیٰ اپنے آقاوں کو خوش کرنے کے لیے ایسی کارروائیاں کروا رہے ہیں انہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے ، نگران وزیر اعلیٰ کو وارننگ دیتا ہوں اس طرح کے ہتھکنڈوں سے باز آئیں ،خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور ملازمین کو ہراساں کرنا کہا ںکا طرز سیاست ہے ہم ایسی انتقامی کارروائیوں کے خلاف عدالت میں جا رہے ہیں ہم ان کیخلاف پورے پنجاب میں احتجاج کریں گے ،انہوں نے کہا چوہدری پرویز الہی نے اپنے دور حکومت میں کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کی،چوہدری پرویز الہی گھر پر موجود نہیں تھے ، جبکہ مونس الہی ملک سے باہر ہیں ،چوہدری پرویز الہی اور مونس الہی نے آئندہ سیاست عمران خان کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا ،ہم جھوٹی گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ۔